فنڈنگ بحران، یو این آر ڈبلیو اے کی سرگرمیاں شدید متاثر: انتونیو گوتریس کی عالمی اپیل
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی مہاجرین کی امدادی ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے کے لیے 100 ملین ڈالر کی مالی کمی کو فوری طور پر پورا کریں، کیونکہ شدید فنڈنگ بحران کے باعث ادارے کی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہیں۔
انہوں نے جنرل اسمبلی کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں پابندیوں اور مالی قلت کی وجہ سے یو این آر ڈبلیو اے کی صورتحال مسلسل خراب ہو رہی ہے، جس سے امدادی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
یو این آر ڈبلیو اے غزہ، مغربی کنارے، لبنان، اردن اور شام میں لاکھوں فلسطینیوں کو خوراک، تعلیم، صحت اور پناہ گاہ کی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔ فنڈز کی کمی کے باعث ادارے نے اپنی خدمات کے اوقات میں 20 فیصد کمی کر دی ہے، مقامی ملازمین کی تنخواہیں کم کر دی گئی ہیں جبکہ بین الاقوامی عملے کی 15 فیصد آسامیاں خالی چھوڑ دی گئی ہیں۔
انتونیو گوتریس نے خبردار کیا کہ اگر فنڈنگ میں مزید کمی ہوئی تو ادارہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے قابل نہیں رہے گا، بلکہ اس کے خاتمے کا خطرہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں یو این آر ڈبلیو اے کے 390 اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فوری اقدامات کرے تاکہ لاکھوں فلسطینیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی جاری رکھی جا سکے۔
_2026_07_02_06_18_03_16148423.jpg)


Leave A Comment