اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجن پر حوثی ملیشیا کے حملوں اور سعودی عرب کے خلاف جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ حوثی حملوں کے باعث بے گناہ شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا، جبکہ مقدس مقامات اور مساجد کے تقدس کی پامالی سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ مقدس مقامات، مساجد اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا اسلامی اقدار، بین الاقوامی اصولوں اور قوانین کے منافی ہے۔ او آئی سی نے حوثی ملیشیا کی کارروائیوں کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی۔

اسلامی تعاون تنظیم کا کہنا تھا کہ مقدس مقامات کے تقدس کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول یا برداشت نہیں کی جا سکتی۔ ایسے اقدامات کی حوصلہ شکنی اور مستقبل میں اس نوعیت کی کارروائیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔

او آئی سی نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی سلامتی، خودمختاری اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے ریاض کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کی جاتی ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار