آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد سپر ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی
تہران/واشنگٹن: آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں ایک سپر ٹینکر مبینہ طور پر دو بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گیا، جس کے بعد جہاز میں آگ بھڑک اٹھی اور وہ مکمل طور پر رک گیا۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے مقررہ راستے کے بجائے ایک غیر مجاز بحری راستہ استعمال کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ واقعے میں جہاز اور عملے سے متعلق مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں سکیورٹی قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے دیگر بحری جہازوں کو بھی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور آبی گزرگاہ سے آمدورفت کے لیے مقررہ ضوابط پر عمل کرنا ضروری ہے۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ امریکی افواج نے آبنائے ہرمز میں خطرہ بننے والی ایرانی پاسداران انقلاب کی بارودی سرنگیں بچھانے والی فورسز کے خلاف محدود اور انتہائی درست کارروائی کی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق کارروائی کا مقصد آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو لاحق فوری خطرے کا تدارک تھا۔
سینٹکام کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے اہلکار لارک جزیرے پر موجود لانچرز کے ذریعے آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگیں پہنچانے کی تیاری کر رہے تھے، جس کے بعد امریکی افواج نے ان لانچرز کو نشانہ بنایا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت پہلے ہی شدید کشیدگی کا شکار ہے اور عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم اس آبی گزرگاہ کی سکیورٹی پر خدشات بڑھ گئے ہیں



Leave A Comment