وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان روبوٹکس، آٹومیشن اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے راس ایکسپو 2026 کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کی جامعات، طلبہ، اساتذہ اور صنعت مل کر ایک مضبوط ٹیکنالوجی نظام تشکیل دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دو روزہ نمائش میں جدید روبوٹس، صنعتی آٹومیشن سسٹمز، دفاعی ٹیکنالوجی، لاجسٹکس، ریسکیو اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے تیار کیے گئے آلات نے شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ اس موقع پر جدید نیویگیشن سسٹمز اور سمیولیٹرز بھی پیش کیے گئے۔

وفاقی وزیر کے مطابق حکومت مستقبل میں بھی ایسی نمائشوں کا انعقاد جاری رکھے گی تاکہ نوجوانوں اور صنعت کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔ وزیراعظم کی جانب سے روبوٹکس اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے 20 ملین ڈالر کی معاونت کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی ملازمتیں ختم نہیں کرتی بلکہ ان کی نوعیت بدلتی ہے، اس لیے مستقبل میں ماہر افراد کی ضرورت ہوگی جو ان مشینوں کو چلانے اور تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ طلبہ کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اے آئی، کمپیوٹر سائنس اور انجینئرنگ جیسے شعبوں کا انتخاب کریں تاکہ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہ سکیں۔

 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار