جہاز میں سیٹس اور کھڑکیوں کی غیر مساوی ترتیب کی اصل وجہ سامنے آگئی
عام طور پر یہ تصور کیا جاتا ہے کہ ہوائی جہاز میں سیٹس کا کھڑکیوں کے عین سامنے نہ ہونا مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر ہوتا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق حقیقت اس کے برعکس ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہوائی جہاز میں کھڑکیوں اور سیٹس کی ترتیب کا تعلق بنیادی طور پر جہاز کے ڈیزائن، ساختی مضبوطی اور تجارتی تقاضوں سے ہوتا ہے، نہ کہ براہِ راست حفاظتی خدشات سے۔
تفصیلات کے مطابق ہوائی جہاز کی کھڑکیاں اس انداز سے نصب کی جاتی ہیں کہ وہ پرواز کے دوران بلندی پر دباؤ میں آنے والی تبدیلیوں کو برداشت کر سکیں۔ اسی ساختی ڈیزائن کی بنیاد پر جہاز کے اندر سیٹس کے درمیان فاصلہ اور ان کی ترتیب طے کی جاتی ہے، جو لازمی طور پر کھڑکیوں کی سیدھ سے مطابقت نہیں رکھتی۔
جہاز ساز کمپنیوں کا مقصد ایک جانب مسافروں کو معیاری سفری سہولت فراہم کرنا ہوتا ہے، جبکہ دوسری جانب حفاظتی معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر زیادہ سے زیادہ نشستیں نصب کر کے اپنی آمدنی میں اضافہ بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ اگر تمام سیٹس کو کھڑکیوں کے عین سامنے رکھا جائے تو جہاز میں مجموعی سیٹوں کی تعداد کم ہو جائے گی، جس سے ایئرلائنز کی آمدنی متاثر ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق مختلف طیاروں کے ڈیزائن اور ان میں کھڑکیوں کی پوزیشن ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہے۔ ہر طیارے میں سیٹس کو کھڑکیوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگ کرنا نہ صرف تکنیکی طور پر مشکل بلکہ مالی لحاظ سے بھی مہنگا ثابت ہوگا، جس سے جہاز ساز کمپنیوں کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اسی لیے ہوائی جہازوں میں سیٹس لگانے کے لیے ایک معیاری طریقہ کار اپنایا جاتا ہے، جبکہ کھڑکیوں کی پوزیشن شاذ و نادر ہی مکمل طور پر سیٹس کے عین مطابق ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ترتیب کسی حفاظتی کوتاہی کا نتیجہ نہیں بلکہ تکنیکی اور معاشی عوامل کا فطری تقاضا ہے۔
_2026_01_19_17_23_09_22813062.jpg)


Leave A Comment