کراچی: الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے حکومت کی جانب سے استعمال شدہ موبائل فونز پر ڈیوٹی میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام اور کاروباری طبقے کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے موبائل فونز پر ڈیوٹی میں کم از کم 25 ڈالر اور بعض کیسز میں 100 ڈالر سے زائد اضافہ کیا ہے، جو قابل قبول نہیں۔ ان کے مطابق پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے جہاں بڑی تعداد میں لوگ موبائل فونز کے ذریعے روزگار حاصل کر رہے ہیں، اس لیے ایسے اقدامات ڈیجیٹل ترقی میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

رضوان عرفان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے پر اضافی بوجھ پڑے گا جبکہ بڑی کمپنیوں کو فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ڈیوٹی کم کرے تاکہ موبائل فون عام شہری کی پہنچ میں رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ ڈیوٹی کی وجہ سے اسمگلنگ میں اضافہ ہو سکتا ہے جس سے حکومتی ریونیو متاثر ہوگا۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ فوری طور پر نظرثانی کرتے ہوئے پرانے ریٹس بحال کیے جائیں تاکہ مارکیٹ میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار