30 ستمبر کے بعد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے پر 25 ہزار روپے جرمانے کی تجویز
اسلام آباد: تاجروں کے لیے مجوزہ آسان ٹیکس اسکیم کے تحت 30 ستمبر کے بعد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 14 اگست کو تاجروں کے لیے آسان ٹیکس اسکیم اور رواں مالی سال کے انکم ٹیکس گوشوارے کا نیا فارم متعارف کرائیں گے۔ مجوزہ اسکیم کا مقصد تاجروں اور کاروباری افراد کے لیے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو آسان بنانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 ستمبر تک بروقت انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کو خصوصی سہولت دینے کی تجویز ہے، جس کے تحت انہیں آسان ٹیکس اسکیم کی رجسٹریشن فیس سے استثنیٰ دیا جائے گا۔
مجوزہ پلان کے مطابق 30 ستمبر کے بعد گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں سے 25 ہزار روپے رجسٹریشن فیس اور مزید 25 ہزار روپے جرمانہ وصول کرنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق بروقت گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کو 25 ہزار روپے کی رجسٹریشن پلیٹ فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
اس کے علاوہ کاروباری افراد اور انفرادی ٹیکس دہندگان کے لیے الگ الگ انکم ٹیکس ریٹرن فارم متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا طریقہ کار مزید سہل بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے انکم ٹیکس گوشوارے کے لیے نیا فارم 14 اگست کو لانچ کیے جانے کا امکان ہے۔
تاہم 25 ہزار روپے جرمانے، رجسٹریشن فیس اور دیگر مراعات سے متعلق تجاویز تاحال حتمی نہیں اور ان کا اطلاق متعلقہ حکومتی منظوری اور باضابطہ نوٹیفکیشن کے بعد ہی ہوگا


_2026_09_14_11_58_06_21669213.jpg)
Leave A Comment