سروسز ہسپتال کو فالج کے علاج میں عالمی اعزاز، پاکستان کے سرکاری شعبے کا پہلا ڈائمنڈ ایوارڈ
پنجاب کے سروسز ہسپتال نے فالج (سٹروک) کے مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولتیں فراہم کرنے میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ ہسپتال کے سٹروک ایمرجنسی سنٹر کو ورلڈ سٹروک آرگنائزیشن اور یورپین سٹروک آرگنائزیشن کے اشتراک سے چلنے والے اینجلز انیشی ایٹو کی جانب سے ڈائمنڈ ایوارڈ فار ایکسی لینس اِن سٹروک کیئر سے نوازا گیا ہے۔
حکام کے مطابق سروسز ہسپتال کا شعبہ نیورالوجی یہ اعزاز حاصل کرنے والا پاکستان کے سرکاری شعبے کا پہلا ادارہ بن گیا ہے۔ یہ ایوارڈ فالج کے مریضوں کو بروقت، مؤثر اور جدید علاج فراہم کرنے کی بہترین کارکردگی کے اعتراف میں دیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اینجلز انیشی ایٹو دنیا بھر میں سٹروک کے علاج کے معیار کا جائزہ لیتا ہے اور ہسپتالوں کی کارکردگی کو بین الاقوامی پیمانوں پر پرکھتا ہے۔ ڈائمنڈ ایوارڈ کے لیے فوری علاج، جدید سہولتوں کی فراہمی اور عالمی معیار کے طبی اصولوں پر عمل درآمد کو بنیاد بنایا جاتا ہے۔
سروسز ہسپتال کو خاص طور پر "ڈور ٹو نیڈل ٹائم" میں بہترین کارکردگی پر سراہا گیا، یعنی مریض کے ہسپتال پہنچنے سے علاج شروع ہونے تک کم سے کم وقت میں اقدامات کیے گئے، جو فالج کے مریضوں کی جان بچانے میں انتہائی اہم ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس کامیابی پر طبی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز بروقت علاج اور جدید سہولتوں کے ذریعے انسانی جانیں بچانے کے اعتراف کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پنجاب کے صحت کے نظام کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہے اور حکومت مستقبل میں بھی سٹروک کیئر کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
_2026_08_04_09_19_56_54271590.jpg)
_2026_09_10_12_16_14_40243443.jpg)

Leave A Comment