اسلام آباد: Saudi Arabia نے پاکستان کو متبادل سپلائی روٹ کے ذریعے خام تیل کی مسلسل فراہمی کی یقین دہانی کرا دی۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے اہم ملاقات کی، جس میں توانائی کی سپلائی چین اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان کی جانب سے بحیرہ احمر میں واقع یانبو کی بندرگاہ کو متبادل تیل سپلائی روٹ کے طور پر استعمال کرنے کی درخواست کی گئی، جس پر سعودی عرب نے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ سعودی حکام نے یانبو بندرگاہ کے ذریعے سپلائی کے محفوظ اور مؤثر انتظامات کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ خام تیل کی ترسیل کیلئے پاکستان سے جہاز روانہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان عوام کیلئے توانائی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں سعودی تعاون کو انتہائی اہم قرار دیا۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا اور دونوں برادر ممالک ہر آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی بیشتر پٹرولیم درآمدات آبنائے ہرمز کے راستے آتی ہیں، اور متبادل سپلائی روٹ توانائی کے تحفظ کیلئے اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار