سات لاکھ 62 ہزار پاکستانی روزگار کی تلاش میں بیرون ملک
بیورو آف امیگریشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 میں سات لاکھ 62 ہزار 499 پاکستانی روزگار کی تلاش میں بیرون ملک گئے جو کہ سال 2024 کی نسبت میں نمایاں اضافہ ہے۔ سال 2024 میں سات لاکھ 27 ہزار 381 پاکستانی ملازمت کیلیے بیرون ملک گئے تھے۔
بیورو آف امیگریشن کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے افراد روزگار کے مواقع کی تلاش میں دنیا بھر کے ممالک کا رخ کر رہے ہیں۔ رواں سال چار لاکھ 65 ہزار 138 مزدور، ایک لاکھ 63 ہزار 718 ڈرائیور اور 12 ہزار 703 ٹیکنیشنز بیرون ملک گئے۔
تعلیم یافتہ اور ہنرمند افراد میں تین ہزار 795 ڈاکٹر، پانچ ہزار 946 انجینئرز، پانچ ہزار 659 اکاؤنٹنٹ، 11 ہزار 777 مینجر، ایک ہزار 640 نرسیں اور ایک ہزار 725 اساتذہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 10 ہزار 503 باورچی، چھ ہزار 475 الیکٹریشن، پانچ ہزار 700 مستری، دو ہزار 306 پلمبر اور دو ہزار 27 ویٹر بھی بیرون ملک گئے۔
مہارت کی بنیاد پر تقسیم کے مطابق 18 ہزار 352 اعلیٰ تعلیم یافتہ، 13 ہزار 657 انتہائی ہنرمند، دو لاکھ 22 ہزار 171 ہنرمند، 42 ہزار 257 نیم ہنرمند جبکہ چار لاکھ 66 ہزار 62 غیر ہنرمند افراد ملازمت کی غرض سے بیرون ملک گئے۔
ملکی بنیاد پر تقسیم کے مطابق سعودی عرب سب سے بڑی منزل رہا جہاں پانچ لاکھ 30 ہزار 256 پاکستانی گئے۔ متحدہ عرب امارات 52 ہزار 664، قطر 68 ہزار 376، بحرین 37 ہزار 726 اور کویت چھ ہزار 590 پاکستانیوں کی منزل بنے۔ جنوبی کوریا صرف 39 افراد کو روزگار فراہم کر سکا۔
مغربی ممالک میں چار ہزار 355 پاکستانی برطانیہ، ایک ہزار پانچ امریکہ، 984 جرمنی اور 813 افراد اٹلی گئے۔ اس کے علاوہ دو ہزار 230 چین، دو ہزار 210 جاپان اور ایک ہزار 109 رومانیا میں روزگار کے خواہاں بنے۔
ماہرین کے مطابق پاکستانیوں کی بیرون ملک ہجرت کا بڑھتا ہوا رجحان ملک میں روزگار کے محدود مواقع، معاشی عدم استحکام اور بہتر مستقبل کی تلاش کی عکاسی کرتا ہے۔
_2026_01_09_22_17_07_58160925.jpg)


Leave A Comment