اسلام آباد: پاکستان ازبکستان بزنس فورم کے انعقاد کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل برآمد کنندگان ازبکستان میں پلانٹس لگانے کے خواہاں ہیں، جس سے دونوں ملکوں کو معاشی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ازبک کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے محفوظ اور پرکشش ماحول فراہم کیا جائے گا، اور 3 ارب 40 کروڑ ڈالر کے سمجھوتوں پر عمل درآمد ایک اہم پیشرفت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی تعلقات اور تجارتی روابط میں اضافہ خوش آئند ہے، گزشتہ بزنس فورم کے بعد باہمی تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے، اور گزشتہ ایک سال میں 450 ملین ڈالر کی تجارتی سرگرمیاں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس فورم سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مؤثر پلیٹ فارم ہے اور دونوں ملکوں میں باہمی تجارت کا حجم 2 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مزید کہا گیا کہ سائنس و ٹیکنالوجی، توانائی اور زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

صدر ازبکستان شوکت مرزیایوف نے کہا کہ دونوں ممالک تجارتی تعاون کو وسعت دیں گے، صحت کے شعبے میں بھرپور تعاون کے لیے تیار ہیں، پاکستانی تاجروں کو 10 سال کے لیے ٹیکس سے استثنیٰ فراہم کریں گے، اور ازبکستان میں ٹیکسٹائل میں سرمایہ کاری کے لیے سہولیات مہیا کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ازبک صدر کے درمیان جامع مذاکرات ہوئے، جس میں اسٹریٹجک شراکت داری، ثقافتی، تعلیمی اور عوامی روابط مضبوط بنانے، دفاعی تعاون اور مشترکہ مشقوں، باہمی مفادات کے تحفظ، بین الپارلیمانی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، زراعت اور آئی ٹی میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل، اور دہشت گردی، انتہاپسندی اور منشیات کے خلاف مشترکہ کارروائیوں پر زور دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ازبکستان کے دورے کی دعوت بھی قبول کر لی ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار