وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے ایرانی کاروباری وفد نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا گیا، جبکہ کراچی سے چاہ بہار تک تجارتی راہداری کے قیام کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ اس راہداری سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں نمایاں اضافے کی توقع ظاہر کی گئی۔

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر ممالک ہیں اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی وفد نے پاکستان کے ساتھ برآمدات میں اضافے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

ملاقات میں چاول، پیٹروکیمیکل اور اسٹیل کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایران کو سالانہ تقریباً 30 لاکھ ٹن چاول درکار ہیں، جس میں پاکستان کا حصہ بڑھ کر 40 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔

قیصر احمد شیخ نے بارٹر تجارت کے فروغ کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان 25 کروڑ سے زائد آبادی کے ساتھ ایک بڑی اور متحرک منڈی ہے، جو سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتی ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محمود طفیل نے ایرانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ایرانی وفد نے وفاقی وزیر کو ایران کے دورے کی دعوت بھی دی۔

 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار