اسلام آباد: وفاقی حکومت کے ابتدائی 28 ماہ کے دوران مجموعی قرضوں میں 18 ہزار 832 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد وفاقی حکومت کا مجموعی قرضہ جون 2026 تک 83 ہزار 642 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی دستاویزات کے مطابق مارچ 2024 سے جون 2026 کے دوران وفاقی حکومت کے مقامی قرضے میں 16 ہزار 766 ارب روپے جبکہ بیرونی قرضے میں 2 ہزار 66 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

دستاویزات کے مطابق قرضوں میں اضافے کی اوسط رفتار روزانہ 22 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق نگران حکومت کے آخری مہینے فروری 2024 تک وفاقی حکومت کے مجموعی قرضے 64 ہزار 810 ارب روپے تھے، جو 28 ماہ کے دوران اضافے کے بعد جون 2026 میں بڑھ کر 83 ہزار 642 ارب روپے ہوگئے۔

اعداد و شمار کے مطابق فروری 2024 میں مرکزی حکومت کا مقامی قرضہ 42 ہزار 675 ارب روپے تھا، جو جون 2026 تک بڑھ کر 59 ہزار 441 ارب روپے ہوگیا۔

اسی طرح وفاقی حکومت کا بیرونی قرضہ فروری 2024 میں 22 ہزار 134 ارب روپے تھا، جو جون 2026 تک بڑھ کر 24 ہزار 201 ارب روپے ہوگیا۔

یوں 28 ماہ کے دوران مقامی قرضے میں بیرونی قرضے کے مقابلے میں کہیں زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے وفاقی حکومت کے مجموعی قرضوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار