پاک چین فارما کانفرنس: ایک ارب ڈالر کے قریب سرمایہ کاری، صحت کے شعبے میں تاریخی معاہدے
اسلام آباد میں ہونے والی پاک چین فارماسیوٹیکل انویسٹمنٹ کانفرنس میں تقریباً ایک ارب ڈالر کے سرمایہ کاری اور تجارتی معاہدے طے پا گئے ہیں۔ وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں صحت کے شعبے کا ایک بڑا اور اہم اشتراک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کے دوران 850 ملین ڈالر کی تجارتی شراکت داریوں کو حتمی شکل دی گئی، جن میں 16 معاہدوں کی مالیت 600 ملین ڈالر سے زائد جبکہ 18 مفاہمتی یادداشتوں کی مالیت 250 ملین ڈالر ہے۔ ان معاہدوں میں بایوٹیکنالوجی، میڈیکل ڈیوائسز کی تیاری، کلینیکل ٹرائلز اور ادویات سازی کے جدید منصوبے شامل ہیں۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاک چین تعاون اب بنیادی ڈھانچے سے آگے بڑھ کر صحت کے شعبے تک پہنچ چکا ہے، جو مستقبل میں طبی سہولیات کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدے صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی سرمایہ کاری کا آغاز ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کو لائسنس، رجسٹریشن، اراضی اور دیگر امور میں مکمل سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد ممکن ہو سکے۔ حکام کے مطابق ان منصوبوں کی نگرانی ایک خصوصی فورم کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
_2026_07_19_08_28_04_74227025.jpg)


Leave A Comment