قومی خدمت کی روشن مثال،این ایل سی ڈرائی پورٹ سوست نے مسلسل دوسرے سال بلا تعطل تجارتی سرگرمیاں یقینی بنائی
قومی خدمت اور پیشہ ورانہ مہارت کی ایک درخشاں مثال کے طور پر نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) نے خنجراب پاس کے ذریعے مسلسل دوسرے سال ہر موسم میں تجارتی سرگرمیاں جاری رکھ کر چین اور وسطی ایشیا کے ساتھ بلا تعطل تجارت کے عزم کی توثیق کی ہے۔
این ایل سی حکام کے مطابق سخت موسمی حالات اور وقفے وقفے سے شدید برفباری کے باوجود این ایل سی ڈرائی پورٹ سوست مکمل طور پر فعال رہا، جس کے باعث پاکستان، چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رہا۔ یہ کامیابی دنیا کے مشکل ترین جغرافیائی خطوں میں این ایل سی کی عملی مضبوطی اور مؤثر انتظامی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔
تجارت کے ہموار بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے این ایل سی نے جدید انفراسٹرکچر میں نمایاں سرمایہ کاری کی ہے، جس میں جدید اسکینرز کی تنصیب، وی بریجز، وسیع گوداموں اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔ ان اقدامات کے نتیجے میں موسمِ سرما کے انتہائی مہینوں کے دوران بھی تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اعداد و شمار کے مطابق صرف دسمبر کے مہینے میں این ایل سی ڈرائی پورٹ سوست کے ذریعے 12 ہزار میٹرک ٹن درآمدی و برآمدی کارگو ہینڈل کیا گیا۔ اسی طرح جنوری 2026 کے پہلے دو ہفتوں کے دوران تقریباً 11 ہزار میٹرک ٹن درآمدی و برآمدی کارگو کے ساتھ ساتھ چین سے آنے والے 132 خالی کنٹینرز کی پروسیسنگ بھی کامیابی سے مکمل کی گئی۔
علاقائی تجارتی انضمام کو مزید فروغ دینے کے لیے این ایل سی نے چینی فریٹ آپریٹرز کے تعاون سے ایک مشترکہ لاجسٹکس کمپنی قائم کی ہے، جس کا مقصد چین اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ فارورڈ ٹرانزٹ ٹریڈ کو سہل بنانا ہے۔ اس اقدام سے سرحد پار لاجسٹکس میں بہتری آئی ہے اور پورے خطے میں سپلائی چین کی مجموعی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے۔
این ایل سی ڈرائی پورٹ سوست گلگت بلتستان کے عوام کے لیے پائیدار روزگار کا ایک اہم ذریعہ بھی بن چکا ہے، جس سے مقامی معیشت کو تقویت ملی ہے اور سماجی و معاشی ترقی کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ ڈرائی پورٹ کی بلا تعطل سرگرمیوں نے نہ صرف پاکستان اور چین کے تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا ہے بلکہ خطے میں معاشی سرگرمیوں کے ایک نئے دور کا آغاز بھی کیا ہے۔
_2026_01_21_17_31_05_85767916.jpg)


Leave A Comment