ملتان (ہیلتھ رپورٹر)

 نشتر اسپتال ملتان میں ہیپاٹائٹس بی کے مریضوں کے لیے خصوصی ڈائیلسز وارڈ کا افتتاح کر دیا گیا۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر اسپتال ڈاکٹر راؤ امجد علی خاں نے فیتہ کاٹ کر وارڈ کا افتتاح کیا اور مریضوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے کہا کہ نشتر اسپتال میں جنوبی پنجاب کے عوام کو علاج معالجے کی جدید سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راؤ امجد علی خاں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح یہ ہے کہ نشتر اسپتال میں آنے والے ہر مریض کو بہترین علاج کی سہولت فراہم ہو۔ انہوں نے بتایا کہ نئے وارڈ میں عملہ، سامان، آر او پلانٹ اور ادویات سب کچھ علیحدہ رکھا گیا ہے تاکہ مریضوں کو محفوظ اور معیاری علاج میسر آ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کی پالیسی کا عکاس ہے۔

اس موقع پر مریضوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے ایک بار ڈائیلسز پر آٹھ ہزار روپے خرچ آتا تھا اور مہینے میں بارہ بار یہ عمل دہرانا پڑتا تھا، تاہم اب نشتر اسپتال میں یہ سہولت بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے عملے کو ہدایت کی کہ مروجہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ دوران ڈائیلسز کسی بھی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں اس وارڈ کے لیے مزید ڈائیلسز مشینیں فراہم کی جائیں گی۔

افتتاحی تقریب میں اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر عبدالقادر خان، ایڈمن وارڈ ڈاکٹر لیزا وحید، ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر زاہد، اے ایم ایس او پی ڈی ڈاکٹر فاروق احمد، اے ایم ایس ڈاکٹر اسماعیل صدیقی سمیت دیگر طبی افسران بھی موجود تھے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار