این ایچ اے کا 295 ارب روپے خسارے کی خبروں کی تردید، مالی استحکام کا دعویٰ
اسلام آباد: National Highway Authority (این ایچ اے) نے 295 ارب روپے کے مبینہ خسارے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ادارہ مالی خسارے میں نہیں بلکہ یہ دعوے محض ’’اکاؤنٹنگ کے فرق‘‘ کا نتیجہ ہیں۔
ترجمان این ایچ اے کے مطابق مالی سال 2024-25 کے دوران ادارے کی آپریٹنگ آمدن 43.6 ارب روپے ریکارڈ کی گئی، جو 122.021 ارب روپے کی مجموعی آمدن اور 78.409 ارب روپے کے آپریٹنگ اخراجات کے فرق سے حاصل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کے آپریشنز کیش پوزیٹو ہیں اور ادارہ مسلسل آپریشنل منافع برقرار رکھے ہوئے ہے، جو اس کے مالی استحکام کا واضح ثبوت ہے۔
ترجمان کے مطابق این ایچ اے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کیلئے وفاقی حکومت پر بوجھ نہیں ڈال رہا اور انتظامی اخراجات کیلئے بھی وفاقی بجٹ سے کوئی رقم نہیں لی جاتی۔ حالیہ عرصے میں آپریٹنگ آمدنی میں 63 فیصد اضافہ جبکہ سڑکوں کی دیکھ بھال کے اخراجات میں 31 فیصد کمی لائی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ٹول ٹیکس کی 81 فیصد وصولی ایم ٹیگ (M-Tag) کے ذریعے یقینی بنائی جا رہی ہے، جس سے شفافیت اور ریونیو میں بہتری آئی ہے۔ وفاقی پی ایس ڈی پی پر بوجھ کم کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
مزید برآں Asian Development Bank (اے ڈی بی) کے تعاون سے قرضوں کی درجہ بندی اور ادائیگی کا نیا فریم ورک بھی تیار کیا گیا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ادارے کے حوالے سے منفی تاثر درست نہیں اور این ایچ اے مالی طور پر مستحکم اور فعال انداز میں اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔
_2026_03_04_15_11_06_66101676.jpg)


Leave A Comment