این ای سی اجلاس: کے پی کا وفاق کو 1100 ارب دینے پر غیر مشروط اتفاق نہیں، مزمل اسلم
خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ نیشنل اکنامک کونسل (این ای سی) کے اجلاس میں وفاق کو 1100 ارب روپے دینے پر صوبے نے غیر مشروط اتفاق نہیں کیا تھا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر اتفاق کو بانی چیئرمین سے ملاقات سے مشروط کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ سے متعلق یقین دہانی بھی کرائی گئی۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اپنے آئینی اور مالی حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ہر فیصلہ قانون کے مطابق کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کونسل آف کامن انٹرسٹ (سی سی آئی) کا اجلاس ہر تین ماہ بعد ہونا آئینی تقاضا ہے، تاہم یہ اجلاس باقاعدگی سے نہیں ہو رہے، حالانکہ موجودہ حالات میں اس فورم کا فعال ہونا نہایت ضروری ہے۔
مشیر خزانہ کے مطابق قومی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ سی سی آئی کے اجلاس بروقت بلائے جائیں تاکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان اہم معاملات آئینی طریقہ کار کے تحت حل کیے جا سکیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حالیہ سی سی آئی اجلاس اسحاق ڈار کی سربراہی میں ہوا تھا، تاہم آئندہ اجلاسوں کا انعقاد وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
_2026_07_21_09_41_26_78476466.jpg)


Leave A Comment