نیب کی دوسری سہ ماہی میں 2.45 ٹریلین روپے کی ریکارڈ ریکوری، اے آئی پر مبنی احتسابی نظام کا آغاز
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سال 2026 کی دوسری سہ ماہی کے دوران 2 ہزار 452 ارب روپے (2.45 ٹریلین روپے) کی ریکارڈ ریکوری اور 10 لاکھ 78 ہزار 283 ایکڑ سے زائد سرکاری اراضی کی بازیابی کا اعلان کیا ہے، جبکہ احتسابی نظام میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی جدید تفتیشی نظام متعارف کرانے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔
نیب کے اعلامیے کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں مجموعی براہ راست اور بالواسطہ ریکوریز 5 ہزار 414 ارب روپے (5.41 ٹریلین روپے) تک پہنچ گئیں، جو ادارے کی تاریخ کی سب سے بڑی ششماہی کارکردگی قرار دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق نیب سکھر نے سب سے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے بورڈ آف ریونیو سندھ اور محکمہ جنگلات کے تعاون سے این ایچ اے، جنگلات اور آبپاشی محکموں کی 8 لاکھ 53 ہزار 678 ایکڑ اراضی (مالیت تقریباً 1.01 ٹریلین روپے) بازیاب کرا کے صوبائی حکومت کے حوالے کی۔ نیب کراچی نے 11 ہزار 422 ایکڑ سرکاری زمین، مالیت 467 ارب 11 کروڑ روپے، غیر قانونی الاٹمنٹ اور مشکوک لیز سے واپس حاصل کی۔
اسی طرح نیب لاہور نے 1 ہزار 909 ایکڑ اراضی (مالیت 288 ارب 29 کروڑ روپے)، نیب اسلام آباد/راولپنڈی نے سی ڈی اے کے 810 ایکڑ فلاحی پلاٹس (مالیت 66 ارب 63 کروڑ روپے) جبکہ نیب ملتان نے 920 ایکڑ زمین (مالیت 2 ارب 76 کروڑ روپے) واگزار کرائی۔
نیب بلوچستان نے کوسٹل ہائی وے، گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی آئی ای ڈی اے) اور ہنگول نیشنل پارک سمیت 2 لاکھ 9 ہزار 544 ایکڑ اراضی (مالیت 604 ارب 64 کروڑ روپے) بازیاب کرائی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ ہاؤسنگ اور مالیاتی فراڈ کے مقدمات میں 24 ہزار 365 متاثرین کو 42 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد کی رقوم اور اثاثے واپس دلائے گئے۔
نیب کے مطابق ادارہ اب مکمل طور پر ای آفس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی خودکار نظام کی طرف منتقل ہو چکا ہے، جہاں مشین لرننگ کے ذریعے پیچیدہ مقدمات کا تجزیہ، شواہد کی جانچ اور تفتیشی عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
مزید برآں پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی (PACA) کو سینٹر آف ایکسی لینس کے طور پر مکمل فعال کر دیا گیا ہے۔
نیب کے مطابق مارچ 2023 سے جون 2026 تک مجموعی طور پر 16 ہزار 938 ارب روپے (16.94 ٹریلین روپے) کی ریکوری کی جا چکی ہے، اور ادارہ بدعنوانی کے خاتمے، ریاستی اثاثوں کی بازیابی اور شفاف حکمرانی کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
_2026_08_05_08_59_34_73379589.jpg)


Leave A Comment