لاہور: ماہرین صحت نے حالیہ تحقیق میں دریافت کیا ہے کہ مردوں میں امراض قلب (Heart Diseases) کا خطرہ خواتین کے مقابلے میں تقریباً 7 سال قبل بڑھنا شروع ہو جاتا ہے۔

امریکا میں کی گئی طبی تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات امراض قلب کی وجہ سے ہوتی ہیں اور مردوں میں یہ شرح خواتین کے مقابلے میں نمایاں زیادہ ہے۔ مردوں میں یہ خطرہ 30 سے 40 سال کی عمر کے درمیان بڑھنا شروع ہو جاتا ہے۔

تقریباً تین دہائیوں پر محیط اس تحقیق میں 5100 سے زائد افراد کو شامل کیا گیا، جن کی عمریں 1980ء کی دہائی میں 18 سے 30 سال کے درمیان تھیں، اور ان کی صحت کا جائزہ 2020ء تک لیا گیا۔ تحقیق کے آغاز میں تمام افراد صحت مند تھے، جس سے محققین یہ جاننے میں کامیاب ہوئے کہ امراض قلب کا خطرہ کب بڑھنا شروع ہوتا ہے۔

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ 50 سالہ مرد میں امراض قلب کا خطرہ اسی عمر کی خاتون کے مقابلے میں تقریباً 5 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ اسی طرح ہارٹ فیلیئر اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ مردوں میں جلد بڑھتا ہے، جبکہ فالج (Stroke) کا خطرہ مرد اور خواتین میں تقریباً یکساں رہتا ہے۔

تحقیق کے مطابق تمباکو نوشی، ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس جیسے عوامل خطرے کو بڑھاتے ہیں، لیکن مردوں میں یہ خطرہ خواتین کے مقابلے میں زیادہ شدت اختیار کر لیتا ہے۔ محققین کے مطابق 35 سال کی عمر مردوں کے لیے اہم ہوتی ہے، کیونکہ اس کے بعد امراض قلب کا خطرہ تیزی سے بڑھنے لگتا ہے اور درمیانی عمر تک برقرار رہتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ امراض قلب بڑھنے کا عمل دہائیوں پر محیط ہوتا ہے، لہٰذا جوان افراد میں ابتدائی علامات کا جلد پتہ لگانا اور اسکریننگ کروانا زندگی بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار