بہت سے ممالک جے ایف 17 تھنڈر طیارے خریدنے کیلئے تیار ہیں: خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دنیا کے کئی ممالک جے ایف 17 تھنڈر طیارے خریدنے کے لیے تیار ہیں اور معرکۂ حق کے بعد اس جنگی طیارے کی عالمی سطح پر مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جے ایف 17 تھنڈر کی اہمیت اب یورپین ساختہ طیاروں سے بھی زیادہ بڑھ چکی ہے، تاہم وہ اس مرحلے پر یہ نہیں بتا سکتے کہ کن ممالک کے ساتھ معاہدے ہونے جا رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے سیاسی امور پر بات کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے دوستانہ تعلقات کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کے نواز شریف اور اُن کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، اختلافِ رائے اپنی جگہ مگر محمود خان اچکزئی کی سیاست ایک مسلمہ حقیقت ہے۔
قبل ازیں دنیا نیوز سے گفتگو میں وزیر دفاع نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والے دو نمبری نہیں بلکہ پانچ نمبری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کا محور شخصیت کے بجائے ملک ہونا چاہیے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ محمود خان اچکزئی کی تقرری سے ایوان کا تقدس برقرار رہے، جبکہ سینیٹ میں بھی قائد حزب اختلاف کا تقرر جلد ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر معاملات نیک نیتی سے گفت و شنید کے ذریعے طے کیے جائیں تو تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں، اور چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کا مسئلہ بھی بات چیت سے حل کیا جا سکتا ہے۔
_2026_01_20_16_42_50_14823781.jpg)


Leave A Comment