ایل این جی دستیابی سے پیک ٹائم لوڈ مینجمنٹ میں کمی ممکن ہے، پاور ڈویژن
اسلام آباد: پاور ڈویژن کے ترجمان نے ملک میں بجلی کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے کہا ہے کہ ایل این جی کی دستیابی سے پیک اوقات میں لوڈ مینجمنٹ میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ رات صوبوں کی جانب سے طلب میں اضافے کے باعث ڈیموں سے پانی کے اخراج کے ذریعے تقریباً 4950 میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی۔ تاہم پن بجلی کی مجموعی استعداد 11500 میگاواٹ ہونے کے باوجود پیداوار مکمل صلاحیت سے کم رہی، جس کی وجہ پانی کی کم طلب بتائی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ جنوبی علاقوں سے وسطی علاقوں کی جانب 400 میگاواٹ بجلی کی ترسیل گرڈ کے استحکام کے باعث ممکن ہوئی۔ پیک اوقات میں بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر تقسیم کار کمپنیوں نے تقریباً 2 سے ڈھائی گھنٹے تک لوڈ مینجمنٹ کی۔
ترجمان نے بتایا کہ زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر اکنامک لوڈ مینجمنٹ جاری رہے گی جو پیک ٹائم لوڈ مینجمنٹ سے الگ نظام ہے۔
مزید کہا گیا کہ ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث تقریباً 5500 میگاواٹ کے پاور پلانٹس بند ہیں، تاہم اس کی فراہمی سے بجلی کی صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خاص طور پر رات کے اوقات میں بجلی کے استعمال میں احتیاط کریں تاکہ طلب اور رسد کے درمیان توازن برقرار رکھا جا سکے۔
_2026_04_23_16_15_50_19688474.jpg)


Leave A Comment