ملک بھر میں ایڈز سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ
ملک بھر میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی تعداد 5 ہزار 885 تک پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے، وزارتِ قومی صحت نے متاثرہ بچوں کے صوبائی اعداد و شمار قومی اسمبلی میں پیش کر دیے۔ رپورٹ کے مطابق سندھ میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی تعداد سب سے زیادہ 3 ہزار 900 ہے، جبکہ پنجاب میں ایک ہزار 765، خیبر پختونخوا میں 139، بلوچستان میں 46، اسلام آباد میں 30، آزاد کشمیر میں 4 اور گلگت بلتستان میں ایک بچہ ایچ آئی وی سے متاثر ہے۔ پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شرمیلا فاروقی کے سوال پر وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ ایچ آئی وی کی مزید منتقلی روکنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے اقدامات کیے گئے ہیں۔ ستمبر 2026 کی جائزہ رپورٹ کے مطابق ملک میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 17 ہزار 214 ہے، جن میں سے 92 ہزار 148 مریض رجسٹرڈ ہیں، جبکہ 67 ہزار 878 افراد اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی (اے آر ٹی) حاصل کر رہے ہیں۔



Leave A Comment