ملک کی مختلف مارکیٹوں میں انفلوئنزا اور فلو سے بچاؤ کی جعلی ویکسین کی سپلائی کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے انفلو ویک ٹیٹرا اور ویکسی گرپ ٹیٹرا کے مشتبہ جعلی بیچز کی نشاندہی کرتے ہوئے ملک بھر میں پروڈکٹ الرٹس جاری کر دیے ہیں۔ ڈریپ کے مطابق ایبٹ فارما اور سنوفی ونتھراپ کی تیار کردہ فلو ویکسین کے نام سے جعلی مصنوعات مارکیٹ میں سپلائی کی گئی ہیں۔ اتھارٹی نے بتایا کہ انفلو ویک ٹیٹرا کے پیکٹ پر ایبٹ بائیولوجیکلز نیدرلینڈز، جبکہ ویکسی گرپ ٹیٹرا کے پیکٹ پر سنوفی ونتھراپ فرانس کا پتہ درج ہے۔ ڈریپ کے مطابق سنوفی کے پاکستان میں ڈسٹری بیوٹر نے جعلی ویکسین کی سپلائی کی نشاندہی کی، جبکہ ویکسی گرپ ٹیٹرا کا بیچ نمبر Y4B34 درآمد نہیں کیا گیا۔ لاہور میں سپلائی ہونے والی انفلو ویک ٹیٹرا ویکسین کا بیچ نمبر P13 بھی جعلی قرار دیا گیا ہے۔ ڈریپ نے خبردار کیا ہے کہ ان جعلی ویکسینز کے معیار، حفاظت اور افادیت کے بارے میں معلومات دستیاب نہیں، اس لیے ان کا استعمال انسانی صحت کیلئے خطرناک اور جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشتبہ بیچز کی ویکسین استعمال نہ کریں اور ممکنہ منفی اثرات کی اطلاع نیشنل فارماکوویجیلنس سینٹر کو دیں۔ اتھارٹی نے صوبائی حکام کو جعلی ویکسین کی خرید و فروخت اور سپلائی روکنے، جبکہ متعلقہ ڈرگ کنٹرول حکام اور فیلڈ فورس کو مشتبہ جعلی بیچز فوری طور پر مارکیٹ سے ضبط کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار