ڈیزل کی قیمت میں اضافے پر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کا کرایوں میں 4 فیصد اضافے کا اعلان
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مال برداری کے کرایوں میں 4 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں اضافہ قابلِ مذمت ہے اور اس فیصلے سے ہر پاکستانی متاثر ہوتا ہے۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگانا چاہتی ہیں، جبکہ حالیہ ہڑتال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی جس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے وعدوں کو موٹروے پولیس تسلیم نہیں کر رہی۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے خبردار کیا کہ اگر ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے معاہدوں پر عمل نہ کیا گیا تو دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب پر عائد ہوگی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 268 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ پٹرول کی قیمت آئندہ 15 روز کے لیے 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
_2026_02_01_15_45_03_78715325.jpg)


Leave A Comment