ایکسپورٹ میں اضافہ ہی معاشی خوشحالی کی کنجی، شرح سود 5 فیصد تک لانا ضروری: گوہر اعجاز
سابق وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ ملک کی حقیقی خوشحالی کا راستہ ایکسپورٹ گروتھ سے ہو کر گزرتا ہے اور معاشی استحکام کے لیے شرح سود کو کم کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ کی تیاری کے لیے بھرپور محنت کی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ نے معیشت کو بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔ ان کے مطابق ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے کیے گئے اقدامات معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ چار فیصد معاشی شرح نمو حاصل کرنے کے لیے غیر معمولی کوششیں درکار ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ حکومت ابھی اس ہدف کے حوالے سے مکمل طور پر پراعتماد نہیں۔
انہوں نے شرح سود کو معیشت کا بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اسے کم کرکے 5 فیصد تک لانا چاہیے تاکہ کاروباری سرگرمیاں فروغ پا سکیں۔
ان کے مطابق ملک کو سود کی مد میں بھاری ادائیگیوں کا سامنا ہے اور ٹیکس کا بڑا حصہ اسی میں خرچ ہو جاتا ہے، جس سے ترقیاتی عمل متاثر ہوتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برآمدات میں اضافہ، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کی بہتری کے بغیر پائیدار معاشی ترقی ممکن نہیں۔
_2026_06_14_09_48_59_14786179.jpg)


Leave A Comment