چھوٹے دکانداروں کیلئے خصوصی ٹیکس طریقہ کار متعارف، نوٹیفکیشن جاری
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے تحت سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے انفرادی دکاندار اس سکیم سے استفادہ کر سکیں گے۔
ایف بی آر کے مطابق یہ خصوصی ٹیکس طریقہ کار صرف ٹیکس سال 2026 کے لیے نافذ ہوگا۔ سکیم اختیار کرنے والے دکانداروں کو اپنے مجموعی سالانہ کاروبار پر ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا، جبکہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کراتے وقت کم از کم 25 ہزار روپے نقد ٹیکس ادا کرنا لازمی ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دکانداروں سے وصول کیا گیا ودہولڈنگ ٹیکس قابلِ ادائیگی ٹیکس سے منہا کیا جا سکے گا، تاہم اگر ودہولڈنگ ٹیکس زیادہ جمع ہو تو اضافی رقم واپس نہیں کی جائے گی۔
ایف بی آر کے مطابق اہل دکاندار آئی آر آئی ایس (IRIS) پورٹل، موبائل ایپ یا متعلقہ ٹیکس دفتر کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ اس سکیم میں شامل دکانداروں کا عمومی طور پر آڈٹ نہیں کیا جائے گا، تاہم غیر معمولی مالی لین دین یا سکیم کے غلط استعمال کی صورت میں محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سکیم اختیار کرنے والے اہل دکانداروں کو پی او ایس (POS) سسٹم اور ڈیجیٹل انوائسنگ کی شرط سے بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک ریٹرن جمع نہ کرانے یا سکیم کا انتخاب نہ کرنے کی صورت میں 10 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ رجسٹرڈ اہل دکانداروں کو شناخت کے لیے ایف بی آر کی جانب سے کیو آر کوڈ پر مشتمل "گرین پلیٹ" بھی جاری کی جائے گی۔



Leave A Comment