ایبولا وائرس کا خطرہ بڑھ گیا، عالمی ادارہ صحت نے ہنگامی صورتحال قرار دے دیا
عالمی ادارہ صحت نے جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس کے پھیلاؤ کو عالمی سطح پر صحت عامہ کے لیے ہنگامی صورتحال قرار دے دیا ہے۔ مشرقی صوبے اتوری میں اس وبا کے باعث اب تک تقریباً 246 مشتبہ کیسز اور 80 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
ادارے کے مطابق اصل کیسز کی تعداد اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے اور یہ وبا مزید پھیلنے کا خطرہ رکھتی ہے، جس کے باعث علاقائی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس وقت ایبولا کی جو قسم پھیل رہی ہے وہ ’بنڈی بوجیو وائرس‘ سے پیدا ہوتی ہے، جس کے خلاف تاحال کوئی باقاعدہ ویکسین یا منظور شدہ دوا دستیاب نہیں ہے۔
ایبولا ایک خطرناک اور جان لیوا بیماری ہے جو متاثرہ افراد کے خون، قے اور دیگر جسمانی رطوبتوں کے ذریعے ایک شخص سے دوسرے شخص میں منتقل ہوتی ہے۔
اس بیماری کی علامات عام طور پر 2 سے 21 دن کے اندر ظاہر ہوتی ہیں۔ ابتدائی علامات میں بخار، سر درد اور شدید کمزوری شامل ہیں، جبکہ بیماری بڑھنے پر قے، اسہال اور بعض کیسز میں اندرونی و بیرونی خون بہنے جیسی خطرناک علامات بھی سامنے آ سکتی ہیں۔
(1)_2026_05_18_16_31_52_89478526.jpg)


Leave A Comment