ڈسکوز کی نجکاری میں عالمی دلچسپی، چین، قطر، سعودی عرب اور ترکیے نے اظہارِ آمادگی کر دیا
پاکستان میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے عمل میں چین، قطر، سعودی عرب اور ترکیے نے مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر حصہ لینے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
حکومت نے فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کے 51 سے 100 فیصد شیئرز فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے سینیٹر افنان اللہ کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا جس میں نجکاری کمیشن حکام نے بریفنگ دی۔
حکام کے مطابق ڈسکوز کی نجکاری کے لیے مختلف ممالک میں روڈ شوز منعقد کیے جائیں گے جبکہ ایک سے زائد ڈسکو کی خریداری پر پابندی ہوگی تاکہ مقابلے کا ماحول برقرار رہے۔
فیسکو کے لیے انٹرسٹ کی درخواست 7 جولائی تک جمع کرائی جا سکتی ہے، جبکہ دیگر کمپنیوں کے لیے 6 اگست اور 7 ستمبر کی تاریخیں مقرر کی گئی ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کیسکو کا نقصان 600 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث اس کی نجکاری فی الحال ممکن نہیں۔ مجموعی طور پر ڈسکوز کو رواں مالی سال اپریل تک 255 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔
گزشتہ مالی سال کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا مجموعی نقصان 357 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جبکہ پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ پہلے 2300 ارب روپے تک پہنچ چکا تھا جو اب کم ہو رہا ہے۔
_2026_06_04_09_52_29_61732947.jpg)


Leave A Comment