پیٹ میں کیڑوں کی بیماری بچوں کی صحت شدید متاثر کرتی ہے،وزیر صحت
اسلام آباد:
بچوں میں پیٹ کے کیڑوں سے بچاؤ کے لیے ڈی ورمنگ مہم کی افتتاحی تقریب اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف سیون میں منعقد ہوئی، جس میں وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ پیٹ میں کیڑوں کی بیماری بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کو شدید متاثر کرتی ہے، جس کے باعث بچے جسمانی کمزوری، ذہنی دباؤ اور تعلیمی مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسی بیماری کے تدارک کے لیے اسلام آباد میں بچوں کی ڈی ورمنگ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ اس بیماری پر قابو پانے کے لیے تعلیم اور صحت کے محکموں کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کو مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے مدارس کے منتظمین سے بھی اپیل کی کہ وہ اس قومی مہم میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو اس مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔
تقریب میں محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کے حکام نے بھی شرکت کی اور ڈی ورمنگ مہم کے اغراض و مقاصد سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس مہم کے ذریعے بچوں کو صحت مند، توانا اور روشن مستقبل فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
_2026_01_19_17_36_52_43333707.jpg)
_2026_09_10_12_16_14_40243443.jpg)

Leave A Comment