وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا عالمی اسٹیک ہولڈرز کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے عالمی اسٹیک ہولڈرز کو اپریل 2026 میں ہونے والے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے اس فورم کو سرمایہ کاری، تعاون اور پالیسی مکالمے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔ یہ بات انہوں نے ریاض میں منعقدہ فیوچر منرلز فورم (ایف ایم ایف) میں گفتگو کے دوران کہی۔

وفاقی وزیر نے فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کے بے پناہ معدنی وسائل کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ اس فورم کے دوران علی پرویز ملک نے متعدد اعلیٰ سطحی دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں، جن میں سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان آل سعود سے ملاقات شامل تھی۔

ملاقات میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں پیٹرولیم کی فراہمی، قابلِ تجدید توانائی، توانائی کی افادیت اور سرمایہ کاری کے مواقع شامل تھے۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد الفالح سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان کے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہاؤ میں اضافے اور شراکت داریوں کو مزید سہل بنانے پر گفتگو ہوئی۔

یہ ملاقاتیں پاکستان کے توانائی اور معدنی وسائل کی سرمایہ کاری کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں مزید استحکام پیدا کر سکتی ہیں۔

 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار