مال بردار ٹرین کی بوگیاں ڈی ریل ہونے سے ٹریک تاحال بند، بحالی کا کام جاری
وہاب شاہ: وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب مال بردار ٹرین کی متعدد بوگیاں پٹری سے اتر جانے کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریک تاحال بحال نہیں ہو سکے، جس کے باعث ریلوے ٹریفک معطل ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے فوری بعد ریسکیو اور بحالی کا آپریشن شروع کر دیا گیا، جو مسلسل جاری ہے۔ حادثے کے نتیجے میں اپ ٹریک ایک کلومیٹر سے زائد حصے تک شدید متاثر ہو کر اکھڑ گیا، جبکہ ڈاؤن ٹریک کا بھی بڑا حصہ نقصان کا شکار ہوا ہے۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق بحالی کا کام دو مرحلوں میں کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں پٹری سے اترنے والی مال بردار ٹرین کی بوگیوں کو ہٹایا جا رہا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں متاثرہ ریلوے لائن کی مرمت اور بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام دستیاب وسائل استعمال کرتے ہوئے بحالی کا عمل تیز رفتاری سے جاری ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ڈاؤن ٹریک کو آج شام تک بحال کر کے ریلوے ٹریفک جزوی طور پر بحال کر دی جائے۔



Leave A Comment