لاہور میں سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کی عمارت سے سرویلنس ڈرون ٹکرا گیا
لاہور میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ہیڈکوارٹرز کی عمارت سے سرویلنس ڈرون ٹکرا کر گر گیا، جس کے بعد سکیورٹی حکام میں تشویش پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب ساڑھے 12 بجے پیش آیا، جب جلو موڑ کی جانب سے آنے والا جدید ساختہ سرویلنس ڈرون سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی بیرونی دیوار سے ٹکرا کر نیچے گر گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون کے ذریعے ہیڈکوارٹرز کے اندرونی حصوں کی مبینہ طور پر ریکی کی جا رہی تھی۔ سی ٹی ڈی کی سکیورٹی ٹیم نے ڈرون قبضے میں لے لیا، جس کے ساتھ منسلک کیمروں اور بیٹری کی لائٹس اس وقت بھی فعال تھیں۔ بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ڈرون کا معائنہ کرنے کے بعد اسے کلیئر قرار دے دیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے مبینہ طور پر دہشت گردی کی نیت سے ڈرون سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی جانب بھیجا، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی سکیورٹی ٹیم نے قانونی کارروائی کیلئے تھانہ ہربنس پورہ میں درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔



Leave A Comment