شہدا کی توہین ناقابلِ قبول، مولانا فضل الرحمان قوم سے معافی مانگیں: سپیکر پنجاب اسمبلی
لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ شہدا کی تضحیک کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اپنے حالیہ بیان پر پوری قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات جمہوریت کا حصہ ہیں، تاہم قومی اداروں اور شہدا کے احترام پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) ایک بڑی سیاسی جماعت ہے، لیکن مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان سے انہیں شدید اختلاف ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے خلاف توہین آمیز بیانات ناقابلِ برداشت ہیں اور شہدا کی قربانیاں پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی سلامتی کے حساس معاملات پر تمام سیاسی قیادت کو ذمہ داری، سنجیدگی اور احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات مناسب راستہ نہیں، کیونکہ جو عناصر مساجد، امام بارگاہوں، عدالتوں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں، انہیں سیاسی جدوجہد کرنے والوں کے برابر نہیں رکھا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی، ٹرین حملوں اور کلبھوشن یادیو کے اعترافات کے بعد ریاست کی ذمہ داری دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا ہے، نہ کہ ان سے مذاکرات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کو دوبارہ ملک میں خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ اگر کسی کا مؤقف فوج کے سیاسی کردار پر تنقید کا ہے تو وہ ہر دور میں یکساں ہونا چاہیے، جبکہ انتخابی تنازعات کا حل سڑکوں پر احتجاج کے بجائے آئینی اور قانونی فورمز، خصوصاً الیکشن ٹریبونلز، کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد، ریاستی اداروں، افواجِ پاکستان اور شہدا کے وقار کا تحفظ ہر صورت مقدم ہے۔



Leave A Comment