ایشیا اردو

سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کا وہاڑی کے مختلف علاقوں کا دورہ، کپاس کی فصل کا معائنہ کیا  اور کاشتکاروں سے گفتگو کی۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کہا کہ متعدد مسائل کے باوجود کاشتکار جذبے سے سرشار ہیں اور کپاس کی کاشت میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ امسال ضلع وہاڑی میں 1 لاکھ 45ہزار 520 ایکڑ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقررکیا گیا ہے جبکہ ابھی  1 لاکھ 54 ہزار 423 ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت ہوچکی ہے جوکہ مقررہ ہدف سے زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے  1 لاکھ 7ہزار 945 ایکڑ کے مقابلہ میں 43فیصد سے زائد رقبہ پرکپاس کاشت ہوچکی ہے جبکہ ابھی تک کپاس کی کاشت کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار 31مئی تک کپاس کی کاشت ہر صورت مکمل کریں۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کہا کہ کاشتکاروں کو فارمرٹریننگ پروگرامز میں آئی پی ایم ٹیکنالوجی پر عملدرآمد کے فوائد بارے آگاہی دی جائے۔انہوں نے کہا کہ امسال بھی کاشتکاروں کی لاگت کاشت میں واضح کمی لائی جائے گی اور فصل کی بہتر مینجمنٹ کیلئے بروقت ایڈوائزری پہنچائی جائے گی۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے مزید کہا کہ اگیتی کاشتہ کپاس کی موجودہ صورت حال تسلی بخش ہے۔کاشتکار فصل کی نشوونما کے اس ابتدائی مرحلہ میں 60 دن تک کسی بھی قسم کے زرعی زہر کے سپرے سے اجتناب کریں جبکہ اگیتی کاشتہ کپاس پر کوڑتما، نیم، تمباکو، ہنگ اور سوہانجنا کے محلول کا استعمال شروع کردیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کپاس کی فصل پر دوست کیڑے کرائیسوپا، سپائڈر، بیٹل وغیرہ نہ صرف زیادہ تعداد میں موجود ہیں بلکہ ڈسکی بگ سمیت دیگر نقصان دہ کیڑوں کو بھی کھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوست کیڑے قدرت کا شاہکار ہیں۔ کاشتکار ان کو اپنا کام کرنے دیں۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے فیلڈ افسران کو کھادوں و دیگر زرعی مداخل کی مقررکردہ نرخوں پردستیابی کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار