پنجاب بھر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری
لاہور: پنجاب بھر سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کی مہم تیزی سے جاری ہے، جبکہ پنجاب پولیس اب تک 36 ہزار 545 غیر قانونی غیر ملکیوں، جن میں بڑی تعداد افغان شہریوں کی ہے، کو بے دخل کر چکی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق بے دخل کیے جانے والوں میں 14 ہزار 614 مرد، 7 ہزار 234 خواتین اور 14 ہزار 697 بچے شامل ہیں، جبکہ اس وقت 504 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں، جہاں ان کے انخلا کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بے دخل کیے گئے افراد میں 11 ہزار 124 ایسے افراد شامل ہیں جن کے پاس رہائشی ثبوت موجود تھے، 11 ہزار 137 افغان سٹیزن کارڈ (ACC) ہولڈرز تھے، جبکہ 14 ہزار 284 مکمل طور پر غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی تھے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کے عمل کو مؤثر اور شفاف انداز میں مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین اور حکومتی پالیسی کے مطابق غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی یقینی بنا رہی ہے۔



Leave A Comment