پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت وسط جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت
محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت وسط جولائی تک مکمل کریں اور تاخیر سے گریز کریں تاکہ بہتر پیداوار حاصل کی جا سکے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع عامر صدیق کے مطابق اگر کاشت وسط جولائی تک مکمل کر لی جائے تو پیٹھا کدو کی فصل اکتوبر میں پک کر تیار ہو جاتی ہے، جس سے کاشتکاروں کو بہتر معاشی فائدہ حاصل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس فصل کے لیے زرخیز اور پانی کے اچھے نکاس والی میرا زمین کا انتخاب انتہائی اہم ہے، جو بہتر نتائج کے حصول میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاشتکار پچھیتی کاشت سے قبل کھیت میں 2 سے 3 مرتبہ ہل چلا کر سہاگہ دیں اور پٹڑیاں بنانے کے لیے ایک چوتھائی میٹر کے فاصلے پر نشان لگائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نشانوں کے دونوں اطراف 30 سینٹی میٹر کے فاصلے پر 3 بوریاں سپر فاسفیٹ اور ایک بوری امونیم نائٹریٹ کھاد ڈال کر پٹڑیاں تیار کی جائیں۔
کاشتکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ فی ایکڑ ایک کلوگرام بیج استعمال کرتے ہوئے پٹڑیوں کے دونوں کناروں پر ایک میٹر کے فاصلے سے بیج بویا جائے۔
محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ مزید رہنمائی کے لیے کاشتکار اپنے قریبی زرعی فیلڈ اسٹاف سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
_2026_07_01_06_24_12_55127370.jpg)
_2026_08_13_08_13_35_57207435.jpg)
_2026_08_13_08_11_27_91345821.jpg)
Leave A Comment