شدید بارشیں اور ممکنہ سیلاب، وزیراعظم کی تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں جاری شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور ہنگامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس کے دوران انہیں جاری مون سون سیزن، شدید بارشوں کی پیش گوئی اور ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ یا طغیانی کی صورت میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی فوری بحالی، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور امدادی سامان کی بلا تعطل ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اداروں کے درمیان مضبوط اور مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے، جبکہ این ڈی ایم اے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (PDMAs) کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے صورتحال کی نگرانی کرے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم کو مون سون کے متوقع رجحانات، ممکنہ موسمی خطرات اور اداروں کے باہمی تعاون سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پیشگی اقدامات کے باعث مون سون سیزن کی مؤثر انداز میں نگرانی کی جا رہی ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ ملک بھر میں کسی بھی ہنگامی موسمی صورتحال سے نمٹنے، ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے لیے متعلقہ اداروں کے لاجسٹکس اور ریسکیو اسکواڈز مکمل طور پر تیار اور متحرک ہیں۔



Leave A Comment