اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 15 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے۔ اسپتال حکام کے مطابق واقعے کے وقت نرسری میں 16 بچے موجود تھے، جن میں سے ایک بچے کو لیڈی ڈاکٹر نے بحفاظت نکال لیا۔ مختلف ابتدائی رپورٹس میں ہلاکتوں کی تعداد 14 اور 15 بتائی گئی، تاہم تازہ رپورٹس میں 15 اموات کی اطلاع سامنے آئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ پمز کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ وارڈ کی تیسری منزل پر لگی۔ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا، جبکہ کولنگ کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔ امدادی کارروائیوں میں فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں اور 4 ایمبولینسز نے حصہ لیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر آگ ایئر کنڈیشنر کے کمپریسر میں خرابی یا دھماکے کے باعث بھڑکنے کی اطلاع سامنے آئی، تاہم واقعے کی حتمی وجہ تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ بعض ابتدائی اطلاعات میں شارٹ سرکٹ کا امکان بھی ظاہر کیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد انتظامیہ نے تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے، جو آگ لگنے کی وجوہات، حفاظتی انتظامات اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کرکے سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز اسپتال کی نرسری میں نومولود بچوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے ساتھ ایسا المناک واقعہ ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے واقعے کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لینے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی پر زور دیا۔ انہوں نے ملک بھر کے اسپتالوں میں خصوصاً نومولود بچوں کی حفاظت کے لیے مؤثر فائر سیفٹی سسٹم اور ہنگامی انتظامات یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے واقعے کو انتہائی دلخراش سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایئر کنڈیشننگ یونٹ میں خرابی کے بعد آگ بھڑکی اور وارڈ میں موجود آکسیجن کے باعث آگ نے شدت اختیار کی۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام اور تحقیقاتی ادارے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے کام کررہے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مواصلات علیم خان سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی نومولود بچوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار