سعودی عرب جانے والے پاکستانی عمرہ زائرین اور ورکرز کیلئے اہم ہدایات جاری
ریاض: سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے نے عمرہ زائرین اور پاکستانی ورکرز کو سعودی قوانین کی سختی سے پابندی کرنے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے گریز کرنے کی ہدایت کردی۔
پاکستانی سفارتخانے نے اپنے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں سعودی عرب آنے والے پاکستانی شہریوں کو ویزے کی شرائط کی پابندی، مقررہ مدت سے زائد قیام سے اجتناب اور غیر قانونی سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ویڈیو پیغام میں گرفتاری، تفتیش، حراست اور ملک بدری کے مناظر کے ذریعے سعودی قوانین کی خلاف ورزی کے ممکنہ نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
سفارتخانے نے خاص طور پر پاکستانی عمرہ زائرین اور ورکرز کو بھیک مانگنے سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں قیام کے دوران ایسا کوئی اقدام نہ کیا جائے جو مقامی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہو۔
پیغام میں عمرہ زائرین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقدس مقامات کے تقدس کا خیال رکھیں، سعودی قوانین کا احترام کریں اور اپنے قیام کے دوران ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کریں۔
سفارتخانے کی جانب سے جاری ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی مختلف ردعمل سامنے آیا، بعض صارفین نے سعودی عرب میں پاکستانی شہریوں کی جانب سے بھیک مانگنے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔



Leave A Comment