افغان طالبان کے الزامات بے بنیاد، دہشت گردی کے خلاف دفاع پاکستان کا حق ہے: دفتر خارجہ
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے افغان طالبان حکومت کی جانب سے پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں میں شہری ہلاکتوں سے متعلق الزامات کو بے بنیاد اور غیر مصدقہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور وہ اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ترجمان کے مطابق غلط معلومات اور گمراہ کن بیانیے افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خطرے کو چھپا نہیں سکتے اور نہ ہی افغان طالبان حکومت کو اس ذمہ داری سے بری کر سکتے ہیں کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
دفتر خارجہ کے بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ صرف 2026 میں دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں 3 ہزار 500 سے زائد جانی نقصانات ہو چکے ہیں۔ بیان میں اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں اور مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ افغان طالبان حکومت بدستور متعدد دہشت گرد تنظیموں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ ان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان، فتنۃ الخوارج، بلوچ لبریشن آرمی، فتنہ الہندوستان اور ان سے وابستہ گروہوں کے نام شامل کیے گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے شہریوں اور سکیورٹی فورسز کو مسلسل دہشت گرد حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جن کی منصوبہ بندی، مالی معاونت اور عملی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال ہونے کا الزام ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کوئی ذمہ دار ریاست اپنے شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر بار بار حملوں کے باوجود خاموش نہیں رہ سکتی۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے دہشت گرد حملوں کے جواب میں کی جانے والی کارروائیاں اپنے دفاع کے حق کے تحت، ضرورت کے اصولوں کے مطابق اور آخری چارۂ کار کے طور پر کی گئی ہیں۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ کارروائیوں کا ہدف افغانستان میں موجود دہشت گرد اور ان کے لاجسٹک معاونت کے مراکز تھے، جبکہ اہداف کے انتخاب میں امتیاز اور احتیاط کے اصولوں کی پابندی کی گئی۔
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ افغان طالبان حکومت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور دیگر وعدوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند بنائے اور افغان سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
پاکستان کی سعودی عرب پر حوثی میزائل حملوں کی مذمت
دفتر خارجہ نے 24 اکتوبر کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاقوں، بشمول مقدس مقامات کے اطراف، حوثیوں کی جانب سے بیلسٹک میزائل حملوں کی بھی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور مقدس مقامات کے تقدس اور شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے بے حسی کا مظہر ہیں۔
بیان میں پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور مکہ اتحاد کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیرونی جارحیت یا خطرے کی صورت میں سعودی عرب کی سلامتی کی حمایت کرتا ہے۔



Leave A Comment