آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا آج سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان
اسلام آباد: آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے مطالبات تسلیم نہ ہونے پر ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے آج رات 12 بجے سے ملک بھر کے تمام پٹرول پمپ بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق وفاقی وزیرِ پٹرولیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ پرافٹ مارجن میں اضافے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ تعین اور دیگر اہم مطالبات پر اتفاق نہ ہونے کے باعث مذاکرات ناکام ہو گئے۔
آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی اور ملک بھر میں پٹرول پمپ بند رہیں گے۔
دوسری جانب پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بھی ہنگامی اجلاس طلب کر کے حکومت کے سامنے تین اہم مطالبات پیش کیے ہیں، جن میں فی لیٹر پرافٹ مارجن 8 روپے 64 پیسے سے بڑھا کر 24 روپے کرنے، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے نافذ کردہ کوٹہ سسٹم کے خاتمے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ کے بجائے ہفتہ وار یا 15 روز بعد مقرر کرنے کا مطالبہ شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر پٹرولیم اور چیئرمین اوگرا نے تمام مطالبات پر غور کے لیے سات روز کی مہلت طلب کی ہے، تاہم پٹرول پمپ مالکان نے مطالبات منظور نہ ہونے پر ہڑتال کا اعلان برقرار رکھا ہے۔



Leave A Comment