محسن نقوی سے ملائیشین ہم منصب کی ملاقات، انسدادِ دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ ملاقات میں سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا استقبال کیا۔ مذاکرات میں انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، غیر قانونی امیگریشن اور سائبر کرائمز کی روک تھام سمیت سکیورٹی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں ممالک نے دہشت گردوں اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے انٹیلی جنس شیئرنگ کا دائرہ وسیع کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ دہشت گردی، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
مذاکرات کے دوران کوسٹ گارڈز کے شعبے میں تعاون اور تربیتی پروگرامز کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے کوسٹ گارڈ کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔
ملاقات میں پاکستان کی نیشنل پولیس اکیڈمی اور رائل ملائیشین پولیس کالج کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس تعاون کے تحت تربیتی پروگرامز، تجربات کے تبادلے اور پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے لیے روابط مزید مضبوط کیے جائیں گے۔
دونوں وزارتوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ورکنگ گروپ باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لینے اور رابطہ کاری کو مؤثر بنانے کے لیے کام کرے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملائیشین وزیر داخلہ کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
محسن نقوی نے ملائیشیا کو مسلم ممالک میں تیزی سے ترقی کرنے والا ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔
ملاقات میں سیاحت کے فروغ اور ویزا سہولیات میں آسانی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں جانب سے عوامی روابط بڑھانے کے لیے ویزا سہولیات کو مزید آسان بنانے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، تربیت، سیاحت اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔



Leave A Comment