ملک بھر میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ
اسلام آباد: پاکستان میں غیر ملکی شہریوں کی جانب سے مبینہ طور پر سائبر فراڈ اور فحش مواد کے عالمی نیٹ ورک کے انکشاف کے بعد وفاقی حکومت نے ملک بھر میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیوں کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دی جائے گی، جو ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کے ماتحت کام کرے گی۔ ٹاسک فورس کی جانب سے کال سینٹرز کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کی تفصیلات روزانہ کی بنیاد پر وزارت داخلہ کو فراہم کی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹاسک فورس بھتہ خوری، بلیک میلنگ، غیر قانونی جوئے، سکیمنگ اور دیگر سائبر جرائم میں ملوث کال سینٹرز کی تحقیقات کرے گی۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں قائم کال سینٹرز کی فہرست بھی مرتب کرلی گئی ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو ٹاسک فورس کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کا مقصد سائبر فراڈ اور دیگر جرائم میں ملوث نیٹ ورکس کا خاتمہ اور شہریوں کو آن لائن جرائم سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد میں ایک غیر قانونی کال سینٹر پر کارروائی کے دوران 284 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف ملک گیر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
_2026_08_21_10_55_27_30743966.jpg)


Leave A Comment