پاک چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس نے زرعی شعبے میں طویل المدتی اقتصادی تعاون کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق
وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے اعلان کیا ہے کہ پاک چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس کے نتیجے میں پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان 78 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً 4.5 ارب امریکی ڈالر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت پاکستان کے زرعی اور غذائی شعبوں پر چینی سرمایہ کاروں کے غیر معمولی اعتماد کی عکاس ہے۔
منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس نے زرعی شعبے میں طویل المدتی اقتصادی تعاون کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے جس کے نتیجے میں پاکستان ایک سرمایہ کاری کے لیے تیار اور مسابقتی ملک کے طور پر ابھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے یہ ٹھوس وعدے محض مذاکرات تک محدود نہیں بلکہ عملی اور سرمایہ کاری پر مبنی تعاون کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ہیں۔
رانا تنویر حسین نے واضح کیا کہ کانفرنس کو روایتی مباحث کے بجائے بزنس ٹو بزنس میچ میکنگ، ہدفی شعبہ جاتی روابط اور منصوبہ جاتی سرمایہ کاری سہولت کاری کے لیے ترتیب دیا گیا تھا تاکہ قابلِ عمل نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے کانفرنس سے قبل پاکستانی صنعتی اداروں اور چینی کمپنیوں کے ساتھ منظم روابط قائم کیے تاکہ سرمایہ کاری تجاویز کو مارکیٹ کی ضروریات، جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں اور قومی ترجیحات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر کے مطابق دس اہم زرعی اور ذیلی شعبوں میں سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے جن میں فوڈ پروسیسنگ و ویلیو ایڈیشن، ایگری ٹیکنالوجی، بیج و پودوں کا تحفظ، لائیوسٹاک و ڈیری، گوشت و پولٹری، پھل و سبزیاں، فشریز و آبی زراعت، اینیمل فیڈ، بعد از برداشت انفراسٹرکچر اور زرعی مداخل شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری پاکستان کی زرعی ویلیو چینز کو جدید بنانے، پیداواری و پراسیسنگ ٹیکنالوجی کے فروغ اور مجموعی زرعی پیداوار میں نمایاں اضافے کا باعث بنے گی۔ سرمائے اور جدید ٹیکنالوجی کی آمد سے بالخصوص دیہی علاقوں میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے، فارم سے مارکیٹ تک روابط مضبوط ہوں گے اور بعد از برداشت نقصانات میں کمی آئے گی، جس سے کسانوں کی آمدن اور دیہی معیشت بہتر ہوگی۔
_2026_01_21_17_17_46_21106294.jpg)
_2026_08_13_08_13_35_57207435.jpg)
_2026_08_13_08_11_27_91345821.jpg)
Leave A Comment