تیلدار اجناس کی بروقت کاشت سے پیداوار اور منافع میں اضافہ ممکن، کاشتکار منظور شدہ اقسام اپنائیں
محکمہ زراعت کے حکام نے کہا ہے کہ تیلدار اجناس کی بروقت کاشت سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ممکن ہے بلکہ کاشتکاروں کا منافع بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق خوردنی تیل کی مقامی پیداوار بڑھانے اور درآمدی انحصار کم کرنے کے لیے تیلدار فصلوں کی زیادہ رقبے پر کاشت وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ماہرین نے کاشتکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ منظور شدہ اور معیاری اقسام کاشت کریں تاکہ بہتر پیداوار حاصل ہو سکے۔ بتایا گیا ہے کہ توریا اے اور رایا انمول زائد خریف کی اہم فصلیں ہیں، جبکہ پیلا رایا، سرسوں، ڈی جی ایل، چکوال رایا اور خانپور رایا ربیع سیزن کی فصلیں ہیں۔
کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ توریا اے کی کاشت فوری شروع کر کے وسط ستمبر تک مکمل کریں، جبکہ رایا انمول کی بوائی اگست میں مکمل کی جائے۔ ماہرین کے مطابق رایا انمول کم دورانیے کی فصل ہے جو زیادہ پیداوار اور بہتر منافع فراہم کرتی ہے اور اس میں تیل کی مقدار بھی زیادہ ہوتی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ فی ایکڑ 2 کلوگرام بیج استعمال کیا جائے اور فصل کو مرحلہ وار آبپاشی فراہم کی جائے۔ کھاد کے استعمال میں نائٹروجن، فاسفورس اور پوٹاش کی متوازن مقدار شامل کرنا ضروری ہے۔ بوائی کے دوران بیج کو زیادہ گہرائی میں نہ ڈالنے اور مناسب فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ بہتر اگاؤ ممکن ہو سکے۔
زرعی ماہرین نے جڑی بوٹیوں کے مؤثر کنٹرول کے لیے بروقت گوڈی کرنے اور جدید طریقہ کاشت اپنانے پر بھی زور دیا ہے تاکہ فصل کی بہتر نشوونما اور زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔
_2026_07_31_09_40_25_14827785.jpg)
_2026_08_13_08_13_35_57207435.jpg)
_2026_08_13_08_11_27_91345821.jpg)
Leave A Comment