اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 19 سے 23 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید مون سون بارشوں، فلیش سیلاب، دریاؤں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 20 سے 23 جولائی تک مون سون ہواؤں اور مغربی ہوا کے طاقتور سلسلے کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، جس سے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے چناب کے مقام ہیڈ مرالہ اور دریائے جہلم کے منگلا کے بالائی علاقوں میں درمیانے درجے کے سیلابی ریلے آ سکتے ہیں، جبکہ دریائے کابل اور اس کے معاون دریاؤں، خصوصاً پنجکوڑہ، سوات اور چترال میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق سیالکوٹ، نارووال، گجرات، مریدکے، ڈی جی خان، راجن پور، مری، گلیات، اپر و لوئر دیر، مالاکنڈ، شنگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں فلیش سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔

اسی طرح راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور شیخوپورہ سمیت متعدد شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ریسکیو ٹیمیں، ہنگامی مشینری اور امدادی وسائل الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں، زیر آب سڑکوں، دریا کناروں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے دور رہیں اور صرف مستند ذرائع سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار