📰 اردو ہیڈ لائن: مری میں باغبانی اور آف سیزن سبزیوں کی ترقی کیلئے ایک ماہ میں جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت
سیکریٹری زراعت پنجاب افتخار علی ساہو نے ضلع مری کے دورے کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ باغبانی، پھلوں اور آف سیزن سبزیوں کے شعبے کی بہتری اور ترقی کیلئے ایک ماہ کے اندر جامع اور قابل عمل منصوبہ تیار کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے پر مرحلہ وار عملدرآمد سے زرعی پیداوار میں اضافہ، کسانوں کی آمدن میں بہتری اور مقامی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر اور محکمہ زراعت کے افسران نے انہیں جاری منصوبوں، کسانوں کی فلاح و بہبود، زرعی سرگرمیوں اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ مری میں پھلوں، سبزیوں اور باغبانی کے فروغ کیلئے مختلف اقدامات جاری ہیں جبکہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔
سیکریٹری زراعت نے ہدایت کی کہ کسانوں کو بروقت معیاری سہولیات فراہم کی جائیں، جدید طریقہ کاشت کو فروغ دیا جائے اور حکومتی منصوبوں پر شفاف انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ اس کے فوائد براہ راست کاشتکاروں تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مری کی آب و ہوا باغبانی اور اعلیٰ معیار کے پھلوں کیلئے نہایت موزوں ہے، اس صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے مؤثر منصوبہ بندی ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسان دوست پالیسیوں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی شعبے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
_2026_07_19_08_21_21_44687179.jpg)
_2026_08_13_08_13_35_57207435.jpg)
_2026_08_13_08_11_27_91345821.jpg)
Leave A Comment