*ملتان: بی سی جی چوک کے قریب سیوریج لائن میں گیس بھرنے سے باپ بیٹا جاں بحق، واسا نے وضاحت جاری کردی*

ملتان کے بی سی جی چوک کے قریب محلہ محمود آباد میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران گیس بھرنے سے باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق سیوریج لائن میں کام کے دوران گیس کی مقدار بڑھنے سے دونوں افراد بے ہوش ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم نے دونوں کو تشویشناک حالت میں نشتر اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 42 سالہ اسماعیل اور 22 سالہ حسنین کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دوسری جانب واسا حکام نے واقعے کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق دونوں افراد واسا کی سرکاری ڈیوٹی پر تعینات نہیں تھے اور واسا کی جانب سے انہیں سیوریج لائن میں کام کرنے کی کوئی ہدایت بھی نہیں دی گئی تھی۔

واسا حکام کے مطابق دونوں افراد اپنی ذاتی حیثیت میں ایک نجی کنٹریکٹر کی معاونت کے لیے سیوریج لائن میں گئے تھے، جبکہ مذکورہ مقام پر واسا کی جانب سے سیوریج لائن میں کام کا کوئی منصوبہ یا ڈیوٹی تفویض نہیں کی گئی تھی۔

واسا حکام نے افسوسناک سانحے پر متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔ واسا فیلڈ اسٹاف کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے اور سرکاری کام کے دوران حفاظتی ضابطہ کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جاتا ہے۔

حکام کے مطابق سیوریج کے کام سے قبل تمام حفاظتی اقدامات مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ سیوریج آپریشنز کے دوران حفاظتی آلات کی فراہمی اور فیلڈ مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جاتی ہے۔

 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار