سی سی ڈی پولیس کا مبینہ مقابلہ، سابقہ ریکارڈ یافتہ راجہ راحیل ہلاک
ملتان: نامے والی چٹ، دنیاپور روڈ پر سی سی ڈی پولیس کا مبینہ مقابلہ، سابقہ ریکارڈ یافتہ راجہ راحیل ہلاک
ملتان: نامے والی چٹ، دنیاپور روڈ کے قریب سی سی ڈی پولیس اور مشکوک موٹر سائیکل سواروں کے درمیان مبینہ مقابلے میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزم راجہ راحیل ولد عبد الحمید، سکنہ خانیوال ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس ریکارڈ کی ابتدائی جانچ پڑتال کے مطابق ہلاک ملزم کے خلاف 17 مقدمات سامنے آئے ہیں اور وہ ملتان، لودھراں، خانیوال سمیت دیگر اضلاع میں مختلف مقدمات میں مطلوب رہا ہے۔
سی سی ڈی پولیس ٹیم گشت پر تھی کہ نامے والی چٹ، دنیاپور روڈ کے قریب 125 سی سی موٹر سائیکل پر سوار تین مشکوک افراد نظر آئے۔ پولیس اہلکاروں نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے مبینہ طور پر فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی فائرنگ پر اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران راجہ راحیل زخمی ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کو طلب کیا گیا، تاہم راجہ راحیل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول اور گولیاں برآمد کرلیں، جبکہ موقع سے ملنے والی موٹر سائیکل 125cc کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ موٹر سائیکل کا ریکارڈ چیک کرنے پر انکشاف ہوا کہ وہ تھانہ ممتاز آباد کے علاقے سے ڈکیتی شدہ تھی، جس کے ڈکیتی کا مقدمہ نمبر 1646/26 تھانہ ممتاز آباد میں درج ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا راجہ راحیل سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزم تھا۔ ابتدائی طور پر اس کے خلاف 17 مقدمات کا ریکارڈ سامنے آیا ہے جبکہ مختلف اضلاع کی پولیس کو بھی وہ متعدد مقدمات میں مطلوب رہا۔ ملزم کے سابقہ کریمنل ریکارڈ اور دیگر مقدمات کی مزید چھان بین جاری ہے۔
دوسری جانب سی سی ڈی پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس ٹیمیں مختلف مقامات پر مشتبہ افراد کی تلاش کر رہی ہیں، جبکہ واقعے کے حوالے سے قانونی کارروائی اور مزید تفتیش جاری ہے۔

_2026_09_16_13_24_35_85734178.jpg)

Leave A Comment